پیپلز پارٹی نے عمران خان کا چیلنج قبول کرلیا

26 Oct, 2022 | 08:50 AM

ویب ڈیسک:وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے عمران خان کے چیلنج کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عمران خان کے چیلنج کودل کی گہرائیوں سےقبول کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اس بار پہلے سے زیادہ بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو سندھ کی عوام نے تاریخی شکست دی ، آئندہ بھی پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست دیں گے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ عمران خان سے پوچھا جائے کہ انہیں کس نے بتایا تھا کہ ارشد شریف پر حملہ ہونے جا رہا ہے؟انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، عمران خان اور پی ٹی آئی ملک کے اہم اداروں کے خلاف جھوٹا اور گھٹیا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

 پیپلزپارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ سندھ میں آصف زرداری کے جیالے نے ضمنی انتخابات میں عمران کو اوقات یاد دلائی، ملتان میں جیالے نے انہیں دھول چٹائی۔انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب بارش اور سیلاب کے متاثرین میں 14 ارب روپے تقسیم کرو پھر مارچ کرو۔

واضح رہے کہ ایوان وزیراعلیٰ پنجاب میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ میں آصف زرداری کو چیلنج کرتا ہوں وہ مجھے اب سندھ میں جیت کر دکھا دے، آصف زرداری کو چیلنج کر رہا ہوں کہ اگلا پروگرام سندھ آنے کا ہوگا۔

مزیدخبریں