ویب ڈیسک: آریان خان کی درخواست ضمانت پر ممبئی ہائیکورٹ نے سماعت ملتوی کردی ، کل دوبارہ کیس سنا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق منشیات کیس میں آریان خان کی درخواست ضمانت پر ممبئی ہائی کورٹ نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ان کی ضمانت کی مخالف کرتے ہوئے کہا ہے آریان خان نہ صرف منشیات استعمال کرتے ہیں بلکہ اس کی ٹریفکنگ میں بھی ملوث ہیں۔ این سی بی کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان میں کہا گیا کہ آریان خان شہادتوں پر بھی اثرانداز ہوسکتے ہیں ۔
یہ ایک عالمی منشیات کا گینگ ہے اور ایجنسی کو اسے منظر عام پر لانے کے لئے وقت درکار ہے اگر آریان کو ضمانت دیدی گئی تو وہ تفتیش پر اثر انداز ہوسکتے ہیں آریان خان کے درخواست ضمانت کی پیروی کے لئے بھارت کے سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی بمبئی ہائیکورٹ میں پیش ہوئے جبکہ آریان کی وکیل انندنی فرنانڈس بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
انندنی فرنانڈس ایڈووکیٹ کی جانب سے بمبئی ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے ایک اضافی بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ آریان خان کا این سی بی کے گواہ پربھاکر سیل یا اس کے سابق باس کرن گوساوی سے کوئی تعلق نہیں۔ نہ ہی آریان خان این سی بی کے زونل ڈائرکٹر سمیر وانکھڈے کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم سے باخبرہیں۔
دوسری طرف آریان خان کے خلاف انتہا پسند ہندوؤں نے سوشل میڈیا پر '' نوبیل ٹو آریان خان '' کے ہیش ٹیگ سے مہم چلا دی۔ ہندو انتہاپسند جنہیں برسر اقتدار ہندوتواکی حامی بی جے پی کی مکمل حمایت حاصل ہے مطالبہ کررہے ہیں کہ آریان خان کی ضمانت نہیں ہونی چاہیئے۔