کورونا ویکسین لگوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

26 Oct, 2021 | 01:24 PM

Sughra Afzal
Read more!

(سٹی 42) کورونا ویکسی نیشن کرانے والوں کیلئے خوشخبری، پنجاب حکومت نے ویکسینیٹڈ افراد کو بڑی رعایتیں دینے کا فیصلہ کرلیا۔  

ذرائع کے مطابق ویکسینیٹڈ افراد کو کھانے کی مختلف اشیاء، ٹرانسپورٹ ، اوبر اور کریم پر خصوصی رعایت دی جائے گی، سکولوں میں طلبا کو چیزوں پر ڈسکاؤنٹ ملے گا، ویکسین لگوانے پر بچوں کو تحائف بھی دیئے جائیں گے۔

دوسری جانب پنجاب میں یومیہ 10 لاکھ شہریوں کو  کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کردیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں شہریوں کو گھر کی دہلیز پر ویکسین لگائی جائے گی، ویکسینیشن کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی، مہم کیلئے 18ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کو کورونا کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے, پنجاب میں اب تک تقریباً 13 ہزار سے زائد افراد کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں اور پنجاب کی معیشت کو تقریباً 650 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ جانی و مالی نقصان سے بچنے کیلئے ویکسینیشن اور احتیاط ضروری ہے۔

واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس کا زور روز بروز کم ہو رہا ہے ، گزشتہ 24گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا سے 6افراد جاں بحق جبکہ 572 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 69 ہزار 234 ہو گئی ہے جن میں سے 12 لاکھ  16 ہزار 908 صحتیاب ہو چکے ہیں ۔

مزیدخبریں