ڈراموں میں گلے ملنے جیسے مناظر پر پابندی کا نوٹیفکیشن ہائیکورٹ میں چیلنج

26 Oct, 2021 | 12:34 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) پیمرا کا ٹی وی ڈراموں میں گلے ملنے جیسے مناظر پر پابندی کا نوٹیفکیشن ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، عدالت نے وفاقی حکومت، پیمرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس جواد حسن نے رانا قیصر محمود کی درخواست پر سماعت کی،درخواستگزار کی جانب سے سید مصطفیٰ نقوی ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور درخواست میں وفاقی حکومت، چیئرمین پیمرا سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پیمرا کی جانب سے 21 ستمبر 2021 کو ٹی وی ڈراموں میں گلے ملنے جیسے مناظر دکھانے پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، بغیر شکایت تمام چینلز کو ڈراموں میں گلے ملنے کے مناظر دکھانے پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھجوایا گیا، نیوز چینلز ڈرامے نہیں دکھاتے، اس کے باوجود انہیں بھی پیمرا نے نوٹیفکیشن بھجوا دیا۔

 نوٹیفکیشن پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل براڈکاسٹ میڈیا آپریشنز نے جاری کیا، جس کے پاس قانونی اختیار نہیں، نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اختیار صرف پیمرا اتھارٹی کے پاس ہے، درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت پیمرا کی جانب سے ٹی وی ڈراموں میں گلے ملنے جیسےمناظر پر پابندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے، مزید استدعا کی گئی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک پیمرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکا جائے۔

مزیدخبریں