عثمان بزدار کی فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت

26 Oct, 2020 | 09:19 PM

Azhar Thiraj

(علی اکبر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ گستاخانہ خاکے بدترین اورانتہائی دل آزاری والا اقدام ہے،جس کی مہذب معاشرے میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں، کسی بھی مہذب معاشرے میں انبیاء کرام کی شان میں گستاخی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، فرانس کے اقدام سے دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ خاتم النبیّین حضرت محمدؐ کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، آزادی اظہار کی آڑ میں نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی ہر گز برداشت نہیں،کیا اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کر کے ہی آزادی اظہار کے تقاضے پورے ہوتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کو مذہبی جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ 

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا غیر فطری اتحادپاکستان کی ترقی کو روکنے کے درپے ہے، پی ڈی ایم دشمن کے ایجنڈے پر چل رہی ہے، پاکستان کے ادارے ہر شہری کے لئے قابل احترام ہیں،اداروں کو کمزور کرنے والے عناصر پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف مذموم عزائم رکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی، اداروں پر بلا جواز الزامات لگانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قوم اداروں کو متنازعہ بنانے کی ہر کوشش کو ناکام بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے جلسے میں اپوزیشن رہنماؤں کی تقریریں قابل افسوس اور قابل مذمت ہیں، اپوزیشن نے پاکستان کے مفادات کو فراموش کر دیا ہے۔

مزیدخبریں