’’حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں رکھ کر خوش ہے‘‘

26 Oct, 2019 | 12:10 AM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طبیعت خراب، لیگی رہنماؤں کی سروسز ہسپتال آمد کا سلسلہ جاری، پیپلز پارٹی کے وفد نے قمر زمان کائرہ کی قیادت میں نواز شریف کی عیادت کی، پیپلز پارٹی کے رہنما کہتے ہیں حکومت اپنے مخالفین کو جیلوں اور اذیت میں رکھ کر خوش ہے، نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پوری قوم فکر مند ہے۔

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مسلم لیگی اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی اور کارکنان کی بڑی تعداد نے سروسز ہسپتال کے باہر نعرے بازی کی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ کی قیادت میں چوہدری منظور، اسلم گل، ثمینہ خالد گھرکی نے نواز شریف کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہنا تھا کہ نواز شریف کی طبیعت اب بھی تسلی بخش نہیں ہے، حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں رکھ کر خوش ہے جبکہ قوم کے لیڈروں کو بہتر طبی سہولیتں بھی فراہم نہیں کی جارہیں۔

انہوں کہا کہ طبی بنیاد پر نواز شریف کی ضمانت مثبت اقدام ہے، مریم نواز کی بھی ضمانت ہونی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اپنی صاحبزادی اور اہل خانہ کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں قمرزمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی مارچ میں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہے ان کو سندھ میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

سروسز ہسپتال میں زیرعلاج اپنے قائد کی تیمارداری کیلئے لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ طلال چوہدری، خواجہ آصف، پرویز ملک، ملک فرقان، اعجاز حفیظ، رؤف نواب، احسن رضا، سردار اویس خان لغاری، غزالی سلیم بٹ سمیت دیگر لیگی رہنماؤں نے بھی نواز شریف کی عیادت کی۔

مزیدخبریں