ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے شاہراہ سرینگر پر رینجرز اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔
صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین تصادم میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور رینجرز پر حملہ قابل مذمت ہے، جاں بحق سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں،جاں بحق اہلکاروں کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کیلئے دعاگو ہیں ۔
دوسری جانب پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شاہراہ سرینگر پر رینجرز اہلکاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے موجود پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے۔اُن کاکہناتھا کہ اسلام آباد میں رینجرز اور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، جام شہادت نوش کرنے والے رینجرز اور پولیس اہلکار قوم کےبہادر بیٹے تھے ۔ بلاول بھٹو کامزید کہنا تھاکہ شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں، پرامن احتجاج کے حق اور شرپسندی و دہشتگردی کے متعلق پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے کے دوران سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 رینجرز اور 2 پولیس کے جوان شدید زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اب تک رینجرز کے 4 جوان اور پولیس کے 2 جوان شہید ہو چکے ہیں۔