اویس کیانی: تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث لاہور ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
وزارت پیٹرولیم نے کہا ہے کہ ریفائنری کو خام تیل کی فراہمی اور وہاں سے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بھی رک چکی ہے، معاملہ فوری حل نہیں کیا گیا تو پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ ہے۔
صدر پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن لاہور چودھری نعمان مجیدنے کہا کہ شہر کے 30 فیصد تک پیٹرول پمپس تقریبا خالی ہوچکے ہیں، راستوں کی بندش سے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی تعطل کا شکار ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے خدشے کے باعث وزارت پٹرولیم نے چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت اٹک آئل ریفائنری سے خام تیل کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کرے اگر آئندہ چوبیس گھنٹوں میں سپلائی بحال نہ ہوئی تو قلت شدت اختیار کرجائے گی جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کی وجہ سے سیلز جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔