(ویب ڈیسک)بھارت کی ایک یونیورسٹی میں بالی وڈ گلوکارہ نکھیتا گاندھی کے میوزیکل کانسرٹ سے قبل بھگدڑ مچنے سے چار طالب علم ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کی کوچن یونیورسٹی میں بالی وڈ کی مشہور گلوکارہ نکھیتا گاندھی کا میوزیکل کانسرٹ یونیورسٹی کے کھلے آڈیٹوریم میں رکھا گیا تھا جس میں ہزار سے 1500 طالب علموں کی گنجائش تھی اور صرف کانسرٹ کے ٹکٹ لینے والوں کو داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔
اس دوران اچانک بارش شروع ہوگئی اور اسی دوران طالب علموں نے آڈیٹوریم کی سیڑھیوں سے بھاگنا شروع کیا، بارش کے باعث بھگڈر مچنے کی وجہ سے 2 طلبہ اور 2 طالبات موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ 60 کے قریب طالبعلم زخمی بھی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں 4 طالب علموں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔