(عرفان ملک)پٹرول پمپس کی ہڑتال ختم ہونے کے ساتھ ہی سبزاہ زار میں ڈاکووں نے پٹرول پمپ کو لوٹ لیا ۔ کیشیئر ہاتھ جوڑ کر ڈاکوؤں سے جان کی پناہ مانگتا رہا۔ ایک ڈاکو نے ساتھی کو روکا بھی لیکن پھر بھی اس نے کیشیئر پر گولی چلا دی.
سبزاہ زار کے علاقے حسن ٹاون پر واقعہ اٹک پٹرول پمپ پر صبح پانچ بجکر انتالیس منٹ پر ایک موٹر سائیکل پر سوار تین ڈاکو لوٹ مار کے لیے پہنچے، ایک ڈاکو موٹر سائیکل سٹارٹ کر کے کھڑا رہا جبکہ چادروں سے اپنے آپ کو چھپائے ہوئے دو مسلحہ ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ کے کیشیئر پر اسلحہ تان لیا ۔
کیشیئر نے سارا کیش ڈاکوؤں کو دے دیا لیکن ڈاکو مزید کیش کی ڈیمانڈ کرتے رہے اسی دوران ایک ڈاکو بار بار گولی چلانے کے لیے اسلحہ تانتا رہا اور کیشیئر ہاتھ جوڑ جوڑ کر رحم کی اپیل کرتا دیکھائی دیا۔ پٹرول پمپ پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے تمام مناظر عکس بند کر لیے ۔
جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ بے رحم ڈاکو نے کیشیئر کے ہاتھ جوڑنے پر بھی ترس نہ کھایا اور کیشیئر پر گولی چلا دی اور پٹرول پمپ سے ایک لاکھ سات ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجیز کی مدد سے ڈاکووں کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ملزمان کو تاحال گرفتار نہ کیا جا سکا۔