(قیصر کھوکھر) چیف سیکرٹری پنجاب نے علماء پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا کی روک تھام کے اپنا کردار ادا کریں اور عوام کی رہنمائی کریں۔
صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن اور چیف سیکرٹری پنجاب نے علماء کرام سے دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں اہم ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں حکومت کو علماء کرام کا تعاون اور مشاورت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وباء کی پہلی لہر کے دوران علماء کی رہنمائی اور تعاون کی بدولت وائرس پر قابو پانے میں مدد ملی جس کیلئے صوبائی حکومت شکر گزارہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے ایس او پیز پرعملدرآمد نہ کرنے کی وجہ سے کورونا وائرس دوبارہ پھیل رہاہے، علماء کرام عوام کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں مسجد اور منبر کی بہت اہمیت ہے اور لوگ علماء کرام کی بات پر یقین اور عمل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا علماء کرام مساجد میں عبادات کے دوران ایس اوپیز پر عملدرآمد کیساتھ ساتھ لوگوں میں سماجی فاصلہ اور ماسک کے استعمال سے متعلق آگاہی بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وباء کی دوسری لہر پر قابو پانے کا واحد حل ماسک پہننا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا اور اسلام کی جانب سے فراہم کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے۔