سابق وزیراعظم کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

26 Nov, 2020 | 04:06 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: سوڈان کے سابق وزیراعظم کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

سوڈان کے سابق وزیراعظم 84 سالہ صادق المہدی گزشتہ تین ہفتوں سے کورونا وائرس میں مبتلا تھے اور متحدہ عرب امارات کے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ جمعرات کے روز انتقال کرگئے۔

صادق المہدی سوڈان کے آخری منتخب جمہوری وزیراعظم تھے جنہیں 1989 میں سوڈان کے سابق فوجی صدر عمر البشیر نے اقتدار سے نکالا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم صادق المہدی کے اہلخانہ نے گزشتہ ماہ ان کےکورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد وہ چند روز سوڈان میں ہی زیر علاج رہے تاہم طبیعت بگڑنے پر انہیں یو اے ای منتقل کیا گیا۔ سابق وزیراعظم کی جماعت اُمہ پارٹی کا کہنا ہے کہ صادق المہدی کو جمعہ کے روز سپرد خاک کیا جائے گا۔

یاد رہے کورونا وائرس سے 40 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 843 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 198 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 306 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 16 ہزار 506، سندھ میں ایک لاکھ 67 ہزار 381، خیبر پختونخوا میں 45 ہزار 828، بلوچستان میں 16 ہزار 942، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 583، اسلام آباد میں 28 ہزار 555 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 403 کیسز رپورٹ ہوئے۔


 ملک بھر میں اب تک 53 لاکھ 43 ہزار 702 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 999 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 34 ہزار 392 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 968 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 40 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 843 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 923، سندھ میں 2 ہزار 866، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 344، اسلام آباد میں 297، بلوچستان میں 165، گلگت بلتستان میں 96 اور آزاد کشمیر میں 152 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

مزیدخبریں