ویب ڈیسک: اسلام آباد میں مبینہ طور پر لیک آڈیوز کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے 9 آڈیوز کے ٹرانسکرپٹ جاری کردیے۔
سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی آڈیو لیکس تحقیقاتی کمیشن نے زیر تحقیق 9 آڈیوز کے ٹرانسکرپٹ جاری کردیے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پیمرا کی جانب سے مبینہ آڈیوز کے ٹرانسکرپٹ تیار کیے جانے کی تصدیق بھی کردی ہے۔ تحقیقاتی کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے ٹرانسکرپٹس میں سپریم کورٹ کے جج اور چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان ہونے والی مبینہ گفتگو، عمران خان اور مسرت جمشید چیمہ کے درمیان مبینہ گفتگو، چیف جسٹس کی خوشدامن اور وکیل کی اہلیہ کے درمیان مبینہ گفتگو کا ٹرانسکرپٹ شامل ہیں۔
علاوہ ازیں جاری کیے گئے ٹرانسکرپٹس میں چوہدری پرویز الٰہی اور ارشد جوجا ایڈووکیٹ کے درمیان مبینہ گفتگو، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور وکیل طارق رحیم کے درمیان مبینہ گفتگو، چوہدری پرویز الٰہی اور صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری کے درمیان مبینہ گفتگو، فواد چوہدری اور ان کے بھائی فیصل چوہدری کے درمیان مبینہ گفتگو اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے اور پی ٹی آئی رہنما کے درمیان ہونے والی مبینہ گفتگو کا ٹرانسکرپٹ شامل ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا تھا، بعد ازاں جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواستوں پر سپریم کورٹ نے لارجر بینچ بنایا، جس نے آج سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اور درخواست گزاروں کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔