اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے پر تحریک انصاف کا بڑا اعلان

26 May, 2022 | 05:46 PM

ویب ڈیسک : تحریکِ انصاف نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے خاتمے اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے بل کوعدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر بابر اعوان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز حکومت کی جانب سے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے خاتمے کے بل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا جب تک امپورٹڈ حکومت نہیں جاتی اسمبلی کی طرف نہیں دیکھیں گے اور آج انھوں نے اسمبلی میں منہ کالا کرنے کی کوشش کی ہے۔

بابر اعوان نے آئندہ الیکشن میں ای وی ایم کے استعمال کے خاتمے کے بل کو مسترد کرتے ہوئے کہا یہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین ہے اور بل کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو حق دیا جائے  اور ہم نے عملدرآمد کیلئے لکھا بھی تھا کہ سپریم کورٹ کافیصلہ ہے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کا معاملہ عدالت میں لے جائیں گے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی 60 فیصد کابینہ ضمانتوں پر ہے جبکہ کچھ ضمانتیں عدالتوں اور کچھ وہاں جہاں سے امپورٹڈ مال آیا ہے۔

اوورسیز کو ووٹ کے حق سے محروم کئے جانے کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت میں آکرپہلا کام یہی ہو گا کہ اوورسیز کا حق دوبارہ بحال کریں کیونکہ اوورسیز پاکستانیوں نے معیشت کی بہتری کیلئےترسیلات بھیجیں اور روشن ڈجیٹل اکاؤنٹس سے 5 ارب سے زائد رقم پاکستان آئی۔

مزیدخبریں