ویب ڈیسک: لیسکو نے صارفین کی مشکلات بڑھا دیں، بجلی کے بلوں کی اقساط پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ذرائع لیسکو کے مطابق بجلی کے صارفین اب اپنی سہولت کے مطابق زیادہ بلوں کو اقساط کی صورت میں ادا نہیں کر سکیں گے، کیوں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اقساط کی سہولت ختم کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بل کے بقایا جات کی بھی اب صرف متعلقہ آفس سے قسط ہو سکے گی، جب کہ ریونیو آفس سے کمپیوٹرائزڈ بل بینک وصول کرے گا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ اقساط کی سہولت کے خاتمے سے لیسکو کی ریکوری میں کمی کا خدشہ ہے، اس سلسلے میں بنائے گئے متعدد کسٹمرز سروسز سینٹر غیر فعال ہو گئے ہیں۔
ادھر صارفین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی وجہ سے مئی اور جون میں بڑے بل آتے ہیں، جسے اقساط میں تقسیم کرنا ضروری ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی صارفین لوڈ شیڈنگ کے طویل شیڈول اور غیر اعلانیہ بندش سے پہلے ہی پریشان ہیں، اور اب لیسکو کی جانب سے لاہور کے صارفین سے ایک اہم سہولت بھی واپس لے لی گئی ہے۔