لانگ مارچ کے دوران جلاؤ گھیراؤ، حکومت کا مزید گرفتاریوں کا اعلان

26 May, 2022 | 02:23 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک ) پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران  جلاؤ گھیراؤ کرنے والے مزید افراد کو  گرفتار کرنے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان پنجاب حکومت عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ  مختلف مقامات پر توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے ، مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی  جبکہ گلگت بلتستان سے حملہ آور ہونے والے پولیس افسروں کے خلاف بھی مقدمات درج کئے جائیں گے۔


ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ شکست خوردہ عمران نیازی کا مایوس چہرہ اور لرزتی آواز نے سب کچھ عیاں کر دیا ہے، عوام نے فساد مارچ کا تیا پانچا کر دیا، عمران نیازی دھمکیوں کے بعد اب ترلوں پر اتر آیا ہے، الیکشن کب ہوں گے ، یہ فیصلہ تم نہیں، ہم اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو حشر اس مارچ کا ہوا ہے اس کے بعد عمران خان کو  سیاست چھوڑ دینی چاہئے ،  عمران نیازی نے پی ٹی آئی کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے، عمران نیازی اس گڑھے میں گرا جو اس نے دوسروں کیلئے کھودا تھا۔عمران نیاز ی سیاست کے گم شدہ ماضی میں چلا گیا۔

مزیدخبریں