(سٹی42)دباؤ بڑھاؤ مطالبات منواؤ ، پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے نئی حکمت عملی بنا لی، جہانگیر ترین گروپ کے مطالبات تسلیم ہونے کے بعد ہم خیال گروپ بھی میدان میں نکل آیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنی ہی حکومت کے خلاف پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے نئی حکمت عملی اپنا لی ہے،پی ٹی آئی کا ہم خیال گروپ متحرک ہوگیا،ہم خیال گروپ اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے کل وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرے گا،پی ٹی آئی ہم خیال گروپ میں جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی شامل ہیں،گروپ کے سربراہ غضنفر عباس چھینہ کل وزیر اعلیٰ پنجاب کو گروپ کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
مزید پڑھئے:پی ٹی آئی نےجہانگیرترین گروپ کا توڑ ڈھونڈ لیا
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما راجہ ریاض کا کہناتھا کہ گذشتہ روزعلی ظفر ، جہانگیر ترین کی ملاقات ہوئی، میں پورے وثوق کیساتھ اس میٹنگ کی تصدیق کرتا ہوں، وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں میٹنگ ہوئی، میں حلفاََ کہتا ہوں کہ یہ میٹنگ ہوئی ہے،میٹنگ میں جہانگیر ترین کو کلین چٹ دی گئی ہے۔
راجہ ریاض کا کہناتھا کہ جو لوگ ہمارے خلاف سازشیں کر رہے تھے، ناکام ہوئے، جہانگیر ترین، شہزاد اکبر اورعلی ظفر کے درمیان اسلام آباد میں میٹنگ ہوئی،شہزاد اکبر نے بحث کی کہ یہ ایف آئی اے کا کیس بنتا ہے،جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھے آپ نے ایک سال سے اذیت میں رکھا ہے، میں نے پارٹی کے لئےقربانیاں دیں، جہانگیر ترین نےشکوہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے یہ صلہ دیا۔
راجہ ریاض کا مزید کہناتھا کہ جہانگیر ترین کو شوگر سکینڈل میں کلین چٹ دی گئی ہے، جہانگیر ترین کے خلاف کوئی کیس نہیں، سب جھوٹ ہے،ایف آئی اے کے پاس ہم خود پیش ہونگے، اگر رپورٹ سے متعلق تمام باتیں بے بنیاد ہیں تو میٹنگ کیوں ہوئی؟علی ظفر نے پہلے وزیر اعظم کو بتایا انہوں نے میٹنگ کا مشورہ دیا۔
تحریک انصاف کے رہنما کا کہناتھا کہ اصولی طور پر کیسز ختم ہوجانے چاہیں، جہانگیر ترین گروپ جھوٹے کیسز بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کریں گے، جہانگیر ترین گروپ 2023 تک قائم رہے گا، جہانگیر ترین اور وزیر اعظم کی ملاقات کب ہوگی؟ کچھ نہیں کہ سکتا۔