گرمی میں آؤٹ ڈور شادیوں کے ایونٹس ناممکن؛میرج ہال مالکان نے بڑا قدم اٹھالیا

26 May, 2021 | 04:59 PM

M .SAJID .KHAN

(شہزادخان ابدالی)اتنی تیزدھوپ اور گرمی میں آؤٹ ڈور شادیوں کے ایونٹس نہیں کرسکتے،50٪گنجائش کیساتھ ان ڈور شادیوں کی تقریبات کی اجازت دی جائے،لاہور میرج ہالز کا وفد مطالبات لیے لاہور چیمبر پہنچ گیا،صدر میاں طارق مصباح سے مدد مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میرج ہالز مالکان کا وفد جنید ضیا کی قیادت میں لاہور چیمبر پہنچ گیا ہے،وفد اراکین نے صدر میاں طارق مصباح سے ملاقات کی،وفد کی قیادت کرتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت جنید ضیا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یکم جون سے آؤٹ شادیوں کی اجازت دی گی ہے مگر اتنی گرمی اور دھوپ میں آؤٹ ڈور شادیوں کرانا نہایت مشکل کام ہے۔

مزید پڑھئے: شادی ہال میں تقریبات کی اجازت ملنے پرمالکان کاحکومت سے نیا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ متوسط طبقہ آؤٹ ڈور کیٹرنگ،اے سی ،جنریٹر ،لائٹنگ سمیت دیگر اخراجات افورڈ نہیں کرسکتا اسلئے 50 فیصد گنجائش کیساتھ ان ڈور شادیوں کے ایونٹس منعقد کرنے کی اجازت دی جائے،صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح نے وفد سے اتفاق کیا اور پنجاب حکومت سے جلد معاملے پر ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ شہر کے میرج ہالز میں یکم جون سے آوٹ ڈور ایونٹس کی اجازت ملتے ہی تیاریاں شروع کردی گئیں، پنجاب حکومت کی جانب سے شادی ہال مالکان کو یکم جون سے 150 افراد کیساتھ آوٹ ڈور ایونٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے،جس پر شادی ہال مالکان نے تقریبات کے انعقاد کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں، شادی ہال کے ملازمین اوپن ایریاز میں ٹینٹ، قناعتیں لگانے اور کرسیوں اور کیٹرنگ سامان کی صفائی ستھرائی میں مصروف ہیں۔

شادی ہال مالکان نے پنجاب حکومت سے پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ ان ڈور ایونٹس کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ 300 سے 400افراد کی گنجائش والے ہال میں سماجی فاصلوں کی پابندی کے ساتھ تقریبات منعقد کی جا سکتی ہے۔
 

مزیدخبریں