مال روڈ (علی ساہی، عرفان ملک) پنجاب پولیس نے اگلے مالی سال میں اب تک کا سب سے بڑا بجٹ مانگ لیا، تنخواہوں، سکیورٹی، خریداری اور پٹرول کی مد میں ایک کھرب 55 ارب کے فنڈز دینے کی سمری حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے حکومت سے اگلے مالی سال کیلئے ایک کھرب 55 ارب روپے کا بجٹ مانگا، فنڈز میں 83 فیصد حصہ ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ ہو گا، 5 فیصد پٹرول جبکہ بقیہ بجٹ خریداری و دیگر اخراجات کی مد میں مانگا گیا ۔
گزشتہ مالی سال بھی پولیس نے ایک کھرب 40 کروڑ سے زائد کے فنڈز مانگے تھے، جبکہ حکومت نے 1 کھرب 19 ارب کے فنڈز جاری کیے تھے، بعد میں پولیس کی درخواست پر حکومت نے 14 ارب روپے کے اضافی فنڈز جاری کیے تھے۔
علاوہ ازیں پولیس افسروں کو گھروں کی تزئین و آرائش کی فکر کھانے لگی، فنڈز سرنڈر ہو جانے کے خوف سے نئے مالی سال کے شروع ہونے سے قبل ہی ٹینڈر جاری کر دیئے گئے، 3 کروڑ 40 لاکھ روپے افسروں کے گھروں پر خرچ کیے جائیں گے، تمام رقم 11 افسروں کے گھروں کی تزئین و آرائش پر خرچ کی جائے گی۔