سٹی 42:ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیس تیزی سے بڑھنے لگے، مزید 17 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1181 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 57039 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 408 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 369 اور پنجاب میں 337 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 41، اسلام آباد 16، گلگت بلتستان میں 8 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔آخری اطلاعات تک پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے۔گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث مزید 5 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 337 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 20077 ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے معاملے پر وفاقی حکومت کی حکمت عملی میں تضاد نظر آتا ہے۔ ایک جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا لوگوں سے احتیاط اور لاک ڈاؤن کا کہہ رہے ہیں تو وہیں دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے یہ کہہ کر تمام کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی ہے کہ اگر کاروبار نہ کھلے تو لوگ بھوک سے مرجائیں گے۔
یاد رہے کورونا وائرس نے دنیا کو یکسر تبدیل کرکے رکھ دیا ہے ،وائرس اپنی تباہ کاریاں روکنے کا نام نہیں لے رہا۔اب تک56 لاکھ کیس ہوچکے ہیں،مرنیوالوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ ہے،جبکہ23لاکھ کے لگ بھگ صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔تمام ممالک نے اس کا پھیلائو روکنے کیلئے مختلف بندشیں لگا رکھی ہیں، فضائی آپریشن بند ہیں تو پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہیں چل رہی ۔اب آہستہ آہستہ لاک ڈائون میں نرمی کی جارہی ہے،سروسز کی دکانیں کھولی جارہی ہیں۔ لاک ڈائون کے دوران مختلف قسم کے واقعات سامنے آئے۔