( علی رضا ) رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اللہ کا مہمان بننے کیلئے شہر کی مختلف مساجد میں ہزاروں مسلمان اعتکاف بیٹھ گئے، محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کےزیر انتظام اعتکاف کا سب سے بڑا اہتمام داتا دربار میں کیا گیا۔
سات ہزار سے زائد مساجد میں ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھ گئے۔ منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں 10 ہزار، بادشاہی مسجد میں 700 سو، داتاد ربار مسجد میں 2300 معتکفین کیلئے انتظامات کئے گئے۔ جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، مرکز اہلحدیث، مسجد قادسیہ، جامع مسجد منصورہ اور بحریہ ٹاؤن کی گرینڈ مسجد میں بھی سینکڑوں معتکفین اعتکاف بیٹھے۔
داتا دربار میں مجموعی طور پر 2135 افراد نے اعتکاف کیا، انتظامیہ کی جانب سے معتکفین کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اس سلسلے میں احاطہ دربار میں میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے، ایگزیکٹو آفیسر داتا دربار بابر سلطان گوندل نے بتایا کہ اعتکاف بیٹھنے والوں کے لیے سحری و افطاری کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔
معتکفین کو کیبن اور ٹوکن نمبر جاری کر دیئے گئے ہیں، اعتکاف ہالز کو چار سیکٹرز میں تبدیل کیا گیا۔ معتکفین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے ان کے لئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
اعتکاف کے دوران پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سخت انتظامات ہوں گے، معتکفین کو موبائل فونز کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ معتکفین کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔