راؤ دلشاد : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ایم پی اے کے سلوک پرٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے اظہار ندامت کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب کی ملاقات ہوئی، سی سی پی او بھی موجود تھے۔ مریم نواز نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے ایم پی اے کی بد سلوکی کا پورا واقعہ سنا۔ ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے کہا کہ باغبانپورہ کے علاقے شادی پورہ میں روٹین کا گشت کررہے تھے، اسی دوران دو گاڑیاں وہاں سے گزر رہی تھیں، گاڑی کے سیاہ شیشے دیکھ کر اسے روک کر چیک کیا۔ کاڑی روکنے پر ایم پی اے نے اتر کر کہاکہ میں اس علاقے کاایم پی اے ہوں، آپ نے چیک کیوں کیاہے۔ میں نے ایم پی اے کو بتایا کہ میری ڈیوٹی ہے، میں نے اپنی ڈیوٹی کی ہے، کوئی بری بات نہیں۔ جس پر ایم پی ا ے نے کہاکہ میرے علاقے میں مجھے روک کر چیک کرنے سے میری عزت نفس مجروح ہوئی ہے۔ جس کے بعد ایم پی اے نے مجھ سے سر عام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
ایم پی اے کے سلوک پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے کہا کہ میں بہت شرمندہ ہوں اس واقعہ پر ۔ یاسر آئندہ آپ نے اپنی ڈیوٹی کرنی ہے، آپ نے کسی سے نہیں ڈرنا۔ ذمہ داری پوری کرنے پر کبھی کسی سے معافی نہیں مانگنی۔ آپ کاکام یہی ہے اور آپ نے اپنا کام اچھے طریقے سے کرنا ہے۔ ایم پی اے ہو، ایم این اے ہو، یا چیف منسٹر ہو قانون سے بڑا کوئی نہیں۔ آپ نے بالکل ٹھیک کیا اس بات پر دل چھوٹا نہ کریں۔ میں نے اپنے ایم پی اے کو شوکاز نوٹس دیاہے۔ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب کی ٹرانسفر کے بارے میں سی سی پی او سے استفسار کیا، اور کہا کہ اس قسم کا کوئی واقعہ ہو تو مجھ سے پوچھے بغیر کوئی ایکشن نہیں لینا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم پی اے کو شکایت تھی تو اسے میرے پاس آنا چاہیے تھا، انکوائری کے بعد ہم ایکشن لیتے۔ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں۔ ہم سب کو قانون کا زیادہ احترام کرنا چاہیے تاکہ باقی لوگوں کے لئے مثال بنیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے یاسر نصیب کو تلقین کی کہ ویری ویلڈن، اپنی ڈیوٹی اسی طرح کرنی ہے، کسی کوتنگ نہیں کرنا، ناانصافی نہیں کرنی۔