سٹی42: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے جا کر عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے بشام میں دہشتگرد حملے میں 5 چینی باشندوں وفات پر تعزیت کی اور دلی افسوس کا اظہار کیا. وزیراعظم شہباز شریف کی چین کے سفیر سے ملاقات اور بشام واقعہ پر تعزیت، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم
وزیرِ اعظم. شہباز شریف نے چینی سفیر سے ملاقات مین کہا کہ میری اور پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں اس واقعہ میں متاثر ہونے والے چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں.
پاکستانی حکومت اس واقعے کی اعلی سطح پر تحقیقات کرے گی اور جلد تحقیقات کرکے حملہ کے ذمہ داروں و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی.
چینی سفیر سے ملاقات میں وزیرِ اعظم نے چین کے صدر اور وزیرِ اعظم کیلئے اس افسوسناک واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا.
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا. دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اسکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کی سفارتخانے آمد اور واقعے کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا اور وزیرِ اعظم کے پاک چین دوستی کے حوالے سے عزم کی تعریف کی.
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے.