عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنائے: وزیراعظم  

26 Mar, 2024 | 09:48 AM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد کو خوش آئند قرار دے دیا۔

 اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے سکیورٹی کونسل کی قرار داد پر عملدرآمد یقینی بنائے، غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری صیہونی ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے شہید ہوئے، غزہ میں اسرائیل نے ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کونشانہ بنایا جو انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی فلسطینی ریاست کے حصول کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے بھی غزہ میں فوری جنگ بندی کے حوالے سے سلامتی کونسل میں قرارداد منظور کئے جانے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے سلامتی کونسل میں منظور کی گئی قرارداد میں ماہ رمضان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے، غزہ میں امداد کی فراہمی اور شہریوں کے تحفظ کے مطالبے کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان نے متعدد بار اسرائیل کی جانب سے طاقت کے اندھے استعمال کی مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی منظور کی گئی قرارداد پر تیزی سے عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں، امید ہے اسرائیل کے وحشیانہ حملے ختم اور مستقل جنگ بندی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امید ہے یہ اقدام غزہ میں موجودہ سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے میں مدد فراہم کرے گا، پاکستان خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں