ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی کاوش رنگ لے آئی، 8 سال قبل گم ہونے والے لڑکے کو لواحقین سے ملوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق 15 سالہ علی حسن ذہنی طور پر ٹھیک نہیں، گھر سے نکلا تو گم ہو گیا۔ جس کے بعد علی حسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو گوجرانولہ میں 8 سال مقیم رہا۔چند روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گوجرانولہ کا دورہ کیا، اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں علی حسن سمیت دیگر بچوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد محسن نقوی نے علی حسن کے لواحقین کو تلاش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آئی جی پنجاب نے سی ٹی او سمیت دیگر افسران کو حکم دیا کہ بچے کے لواحقین کو تلاش کریں، جس پر چیف ٹریفک آفیسر مستنصر فیروز نے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔انسپکٹر ارشد پاشا نے دو روز کی مسلسل محنت کے بعد علی حسن کا خاندان تلاش کر لیا۔
لڑکے کے گھر پہنچنے پر والدین بے حد خوش ہوئے، علی حسن کی والدہ آمنہ بی بی نے کہا کہ8 سال بعد بچے کو پا کر بہت خوش ہیں، اور وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، سی ٹی او اور ٹریفک پولیس کی ٹیم کے بے حد شکر گزار ہیں۔