(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 3 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز جھل مگسی سے 29 کلومیٹر شمال مغرب جبکہ زیر زمین گہرائی 45 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کیوں آتے ہیں؟
زلزلے قدرتی آفت ہیں جن کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے۔ پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں۔ زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔
زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں ميں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔