(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی بچت سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کیلئے خوشخبری، حکومت نے شرح منافع میں اضافہ کردیا جس کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سپیشل سیونگ کی شرح منافع ایک فیصد اضافے سے 11 فیصد، ریگولر سیونگ سرٹیفکیٹ کی شرح منافع اعشاریہ 84 فیصد اضافے سے 11 اعشاریہ 4 فیصد، بہبود اور پینشن سرٹیفکیٹ کی شرح منافع اعشاریہ 48 فیصد اضافے سے 12 اعشاریہ 72 فیصد اور ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ کی شرح منافع اعشاریہ 60 فیصد اضافے سے 10 اعشاریہ 92 فیصد کرنے کا اعلان کردیا گیا ، سیونگ اکاؤنٹ کے منافع میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا، سیونگ اکاؤنٹ کا منافع 8 اعشاریہ 25 فیصد پر ہی برقرار ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں سیونگ کا کلچر بڑھانے کی خاطر بچت سکیموں کے شرح منافع میں اضافہ کیا گیا، جس کے بعد اُمید کی جارہی ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں بچت سکیموں میں عوام کی جانب سے بڑھ چڑھ کر سرمایہ کاری ہوسکتی ہے۔