اتوار کی چھٹی منسوخ،ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کردیاگیا

26 Mar, 2021 | 10:37 PM

M .SAJID .KHAN

(زاہد چودھری)کورونا وائرس کی لہر میں شدت،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے شہر کے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا ۔ ٹیچنگ ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کے دفاتر چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے ۔ اتوار کی چھٹی بھی منسوخ ، سپیشلائزڈ ہیلتھ سیکرٹریٹ میں بھی کورونا پر تمام تر توجہ کے باعث دوپہر ایک بجے کے بعد پبلک ڈیلنگ پر پابندی لگا دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے تیزی سے جاری پھیلاؤ کے باعث محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے شہر کے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے ۔ ٹیچنگ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صاحبان کے دفاتر کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ۔ ٹیچنگ ہسپتالوں میں اتوار کی چھٹی بھی منسوخ کر دی گئی ہے ۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے تمام تر توجہ کورونا وائرس پر مرکوز ہونے کے باعث سپیشلائزڈ ہیلتھ سیکریٹریٹ میں صبح دس سے دوپہر ایک بجے تک پٌبلک ڈیلنگ محدود کر دی ۔ ایک بجے کے بعد پبلک ڈیلنگ پر پابندی ہوگی ۔

واضح رہے کہ  کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے دوران جہاں بڑوں کو مرض لاحق ہونے کی شرح بڑھ رہی ہے وہیں بچے بھی کورونا سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں ۔ شہر میں گزشتہ تین روز کے دوران دس برس عمر تک کے 51 بچے کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں اور یکم جنوری سے اب تک تیسری لہر کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 900 سے تجاوز کر چکی ہے ۔ کورونا وبا کے دوران لاہور میں مجموعی طور پر 10 برس عمر تک کے 2 ہزار بچے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 900 سے زائد صرف گزشتہ پونے تین ماہ کے دوران متاثر ہوچکے ہیں ۔

اس کے علاوہ نوجوانوں میں بھی کورونا وائرس کی شرح بڑھ گئی ہے اور دس برس سے انیس برس عمر تک کے 202 نوجوان بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ پبلک ہیلتھ ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ کورونا کی حالیہ لہر کے دوران تیزی سے پھیلاو آرہا ہے اس لئے والدین کو چاہئے کہ خاص طور پر بچوں کو مہلک وائرس سے بچانے کیلئے خصوصی احتیاط برتیں ۔
 

مزیدخبریں