سنگین خطرہ، بچوں میں کورونا کیسز بڑھ گئے

26 Mar, 2021 | 08:18 PM

M .SAJID .KHAN
Read more!

(زاہد چودھری)خبردار ، کورونا وائرس بچوں کے لئےسنگین خطرہ، تیسری لہر کے دوران 10 سال سے کم عمر بچوں میں کورونا کیسز بڑھ گئے ۔ گزشتہ تین روز کے دوران 51 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، یکم جنوری سے اب تک دس برس عمر تک کے 900 سے زائد بچے کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق  کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے دوران جہاں بڑوں کو مرض لاحق ہونے کی شرح بڑھ رہی ہے وہیں بچے بھی کورونا سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں ۔ شہر میں گزشتہ تین روز کے دوران دس برس عمر تک کے 51 بچے کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں اور یکم جنوری سے اب تک تیسری لہر کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 900 سے تجاوز کر چکی ہے ۔ کورونا وبا کے دوران لاہور میں مجموعی طور پر 10 برس عمر تک کے 2 ہزار بچے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 900 سے زائد صرف گزشتہ پونے تین ماہ کے دوران متاثر ہوچکے ہیں ۔

اس کے علاوہ نوجوانوں میں بھی کورونا وائرس کی شرح بڑھ گئی ہے اور دس برس سے انیس برس عمر تک کے 202 نوجوان بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ پبلک ہیلتھ ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ کورونا کی حالیہ لہر کے دوران تیزی سے پھیلاو آرہا ہے اس لئے والدین کو چاہئے کہ خاص طور پر بچوں کو مہلک وائرس سے بچانے کیلئے خصوصی احتیاط برتیں ۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں مزید 1566 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی،9 اموات رپورٹ ہوئیں، ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے 570 مریض داخل، 201 انتہائی نگہداشت وارڈز اور 93 مریض حالت تشویشناک ہونے پر وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں اور مثبت کیسز کی شرح بھی 16 فیصد ہوگئی۔جناح ہسپتال اور حمید لطیف ہسپتال میں کورونا سے 3,3 اموات ہوئیں۔

میو ہسپتال میں 2 اور پی کے ایل آئی میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک مریض زندگی کی بازی ہار گیا ۔ شہرکے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے 570 کنفرم مریض داخل ہیں ۔ان میں سے 201 مریض آئی سی یو اور93 وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں ۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی مثبت شرح بھی 16 فیصد ہو گئی ہے۔ شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے مختص ہائی ڈپنڈنسی یونٹس میں میسر گنجائش 66 اعشاریہ 20 فیصد بھر چکی ہے ، انتہائی نگہداشت وارڈز میں 88 اعشاریہ 50 گنجائش مکمل ہے ۔ 


 

مزیدخبریں