( فخر امام ) پولیس شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے میں ناکام نظر آرہی ہے، روز قتل جیسے لرزہ خیز واقعات نے عوام میں خوف وہراس پھیلا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قتل کے دل دہلا دینے والے واقعات میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے، ایسے واقعات پر قابو پانے کے لئے سکیورٹی اداروں کی جانب سے تو بہت دعوے کیے جارہے ہیں، وقتی طور پر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے مگر چند روز کے بعد حالات پھر پہلے جیسے ہوجاتے ہیں۔
پنجاب پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے باوجود صوبے میں قتل کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہورہا ہے۔ رائیونڈ سٹی میں کزن نے نوجوان کو قتل کردیا۔ مقتول کے اہلخانہ نے بتایا کہ رفاقت کا اپنے کزن کے ساتھ کئی دنوں سے تنازع جاری تھا۔ آج دونوں میں تلخ کلامی ہوئی جس پر ملزم نے رفاقت پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں رفاقت شدید زخمی ہوگیا۔
رفاقت کو طبی امداد کیلئے ہسپتال متنقل کیا جارہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ ہو گیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے پوسٹمارٹم کے بعد اصل حقائق سامنے آگئے جبکہ ملزم کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے، جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔