سعودی عرب نے پاکستان کو عا زمین حج کیلئے انتظامات سے روک دیا

26 Mar, 2020 | 06:29 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: سعودی عرب نے پاکستان کو عازمین حج کیلئے انتظامات کرنے سے روک دیا،کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے سعودی حکومت نے پاکستان کوآگاہ کر دیا.

سعودی وزیر حج کا کہنا ہے حالات کا جائزہ لےرہے ہیں، پاکستان کو صورتحال سے آگاہ کر دیں گے۔سعودی وزیر کا کہنا  ہے کہ حالات کا جائزہ لےرہے ہیں,  کورونا وائرس کے پیش نظر فی الحال حج معاہدہ نہ کریں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ  سعودی حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے،صورتحال بہتر ہوتے ہی آگاہ کریں گے۔ترجمان مذہبی امورعمران بشیر صدیقی کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی اطلاع پر حکومت نے معاہدوں پر کام روک دیاہے، وزیر مذہبی امور  نورالحق قادری نے سعودی وزیر حج سے رابطہ بھی کیا ہے۔ سعودی وزیر حج نے یقین دلایا ہے کہ اگر ممکن ہو سکا تو حج ضرور ہو گا، سعودی حکام حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مشاورت جاری ہے۔

اس سے قبل دور روز پہلے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے حج انتظامات روکنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کی تھی۔  سوشل میڈیا پر حکومت کی جانب سے حج انتظامات روکنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 900 ہوگئی ہے جب کہ 2 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

یاد رہے  چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے جہاں اب تک وائرس سے 19 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور سوا 4 لاکھ متاثر ہو چکے ہیں، اٹلی سمیت دنیا بھر میں ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھنے کے سبب دنیا بھر میں کورونا وائرس کا خطرہ ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔


پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے، ملک میں کورونا ایک اور جان لے گیا، ہلاکتوں کی تعداد 8   ہوگئی، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہورمیں کوروناکے مریضوں کی تعداد 80 اور پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 323 ہوگئی ہے، تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، ان مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں