سٹی 42: انجمن ارائیاں پاکستان اور الخدمت فاونڈیشن کا گھر گھر کھانا پہنچائو مہم, روزانہ پانچ ہزار سے زائد افراد میں کھانا پہنچایا جانے لگا۔ میاں سعید ڈیرہ والے کہتے ہیں جب تک لاک ڈاون رہے گا مستحق افراد کو کھانا پہنچاتے رہینگے.
ملتان روڈ پر انجمن آرائیاں پاکستان اور الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے لاک ڈاون کے دوران متاثرہ افراد میں کھانا فراہم کرنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کھانے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ صدر میاں سعید ڈیرہ والا کا کہنا ہے کہ روزانہ ستر سے زائد دیگیں بنائی جارہی ہیں اور کچی آبادیوں سمیت بے روزگار افراد میں کھانا پہنچایا جارہا ہے۔
رہنما جماعت اسلامی اور مہم کے انچارج احمدسلمان بلوچ کا کہنا تھا کہ الخدمت فاونڈیشن کے رضا کار کچی آبادیوں، مزدوروں کے گھروں میں کھانا پہنچائینگے، رضاکار گاڑیوں پر محلوں میں جاکر الخدمت کی محلہ کمیٹی کے ہمراہ کھانا تقسیم کررہی ہے۔
یاد رہے چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے جہاں اب تک وائرس سے 19 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور سوا 4 لاکھ متاثر ہو چکے ہیں، اٹلی سمیت دنیا بھر میں ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھنے کے سبب دنیا بھر میں کورونا وائرس کا خطرہ ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے، ملک میں کورونا ایک اور جان لے گیا، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہورمیں کوروناکے مریضوں کی تعداد 80 اور پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 323 ہوگئی ہے، تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، ان مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔