کورونا وائرس پر تحقیقی کام کیلئے 2 کروڑ 75 لاکھ روپے مختص

26 Mar, 2020 | 02:01 PM

Sughra Afzal

فیروز پور روڈ(اکمل سومرو) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے جہاں اب تک وائرس سے 19 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور سوا 4 لاکھ متاثر ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے، ملک میں کورونا ایک اور جان لے گیا، ہلاکتوں کی تعداد 8   ہوگئی، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہورمیں کوروناکے مریضوں کی تعداد 80 اور پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 323 ہوگئی ہے، تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، ان مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں میں مسلسل اضافے کے سبب دنیا بھر میں درجنوں تحقیقی گروپ ایک ویکسین بنانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں اور ایک وقت میں مختلف اقسام کی ویکسینوں پر کام کیا جا رہا ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے  کورونا وائرس پر تحقیقی کام کیلئے  ریسرچ گرانٹس کا اعلان کردیا،  کورونا وائرس پر تحقیق کیلئے کمیشن نے 2 کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کردیئے۔

ایچ ای سی نے لاہور سمیت ملک بھر کی یونیورسٹیوں سے کورونا وائرس پر تحقیقی کام کرنے کیلئے ریسرچ پراجیکٹس طلب کیے ہیں، یونیورسٹیوں سے کورونا وائرس کی تشخیصی کٹ اور مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز کی تیاری کیلئے پراجیکٹس طلب کیے ہیں، جبکہ اس وائرس سے متعلق ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے کیلئے بھی فنڈز دیئے جائیں گے۔

یونیورسٹیز 3 اپریل تک ریسرچ پراجیکٹس ایچ ای سی کو جمع کرا سکتی ہیں،ٹیکنالوجی ٹرانسفر گرانٹ کی مد میں 75 لاکھ اورانوویشن سیڈ فنڈ کی مد میں 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، ورلڈ بینک ہائرایجوکیشن کمیشن کو کورونا وائرس پرتحقیق کیلئے ایک لاکھ 85 ہزارڈالرز کے فنڈز دے گا۔

مزیدخبریں