سٹی42:وزیراعلیٰ کا ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو تنخواہ کے برابر رسک الاؤنس دینے کا اعلان
وزیراعلیٰ کا ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ایک تنخواہ کے برابر رسک الاؤنس دینے کا اعلان، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کیمپ جیل میں قیدیو ں کیلئے خصوصی ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے۔
قیدیوں کی سکریننگ کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے، جبکہ معمولی جرائم میں ملوث 3500 قیدیوں کی رہائی کیلئے سمری بھجوائی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کالا شاہ کاکو قرنطینہ میں مثالی انتظامات ہیں، جبکہ ڈی جی خان قرنطینہ سنٹر سے 6 سو افراد کو کلیئر کر کے گھر بھجوایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز جناح ہسپتال اورعلامہ اقبال میڈیکل کالج گوہر اعجاز نے اعلان کیا تھا کہ جناح ہسپتال میں کورونا وائرس کا آئسولیشن سنٹر قائم جبکہ ٹیسٹ مفت کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جناح ہسپتال میں ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹ آٹھ گھنٹوں میں دی جائے گی، جبکہ پی سی ایس آر ٹیسٹ سنٹر کی انچارج پروفیسر فوزیہ اشرف ہوں گی، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزجناح ہسپتال نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ صرف ان مریضوں کا ہوگا جن میں علامات ظاہرہوں گی۔