ملتان روڈ(ذین مدنی )وہ دور گزرچکا ہے جب غنڈہ گردی اور دشمن داریوں کے موضوعات پرفلمیں ہٹ ہوا کرتی تھیں اب غنڈہ گردی اور دیرینہ دشمن داریوں پر بننے والی فلموں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے ان خیالات کا اظہار معروف ہدایتکار الطاف حسین نے ایک ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ غنڈہ گردی کا کلچر چھوڑ کر ایسی فلمیں بنانے کی ضرورت ہے جن میں اپنے کلچرکی مکمل تصویرکشی کی جائے تاکہ جنہیں دیکھ کر ہماری نوجوان نسل کے دلوں میں وطن عزیز و قوم کیلئے محبت، بڑوں کیلئے احترام اور چھوٹوں کیلئے شفقت کا جذبہ پیدا ہو، اس وقت نوجوان فلم انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کیلئے اہم کردارا دا کر رہے ہیں۔
الطاف حسین نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شوبز انڈسٹری کی کمانڈ سنبھال لی ہے،کوئی ایکٹنگ کررہا ہے توکوئی ہدایتکاری، کوئی پروڈکشن کے میدان میں ہے توکوئی رائٹنگ کرنے میں مصروف ہے جس سے دوبارہ شوبز انڈسٹری کی رونقیں تیزی سے بحال ہو رہی ہیں جوخوش آئند بات ہے۔