منشیات سے پاک پنجاب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب

26 Jun, 2024 | 10:37 PM

ویب ڈیسک : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلاامتیاز کارروائی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت منشیات کی اسمگلنگ اور استعمال کو روکنے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منشیات کے خلاف عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اپنے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے منشیات سے پاک پنجاب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ منشیات کا استعمال زندگیاں اور خاندان تباہ کرتا ہے، ہمیں اس خطرے سے لڑنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

مریم نواز نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آگاہی پھیلائیں اور نشے کے خلاف لڑنے والوں کی مدد کریں۔ تعلیم اور آگاہی منشیات کے استعمال کو روکنے کی کلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے، ہر شہری اس مقصد میں فعال طور پر حصہ لے۔ منشیات کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، آپ اس جنگ میں اکیلے نہیں ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنے نوجوانوں میں منشیات کی لت کو روکنے کے لیے کمیونٹی کے رشتے اور سپورٹ سسٹم کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔ آئیے اپنے بچوں کے لیے منشیات کے خطرات سے پاک محفوظ ماحول پیدا کرنے کا عہد کریں۔ عوام کی صحت اور سلامتی سب سے اہم ہیں، منشیات کے خلاف جنگ کے لیے وسائل اور مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ 

مزیدخبریں