سٹی42:وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف عوام کی مشکلات کا جائزہ لینے خود والٹن روڈ پہنچ گئیں جہاں انھوں نے اے ڈی اے نالہ والٹن روڈ کی ری ماڈلنگ اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا دورہ کیا اور سڑک کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے والٹن روڈ دورے کے دوران ڈیفنس موڑ پر ٹریفک کی صورتحال کا معائنہ کیا اور ستمبر تک والٹن روڈ کا تین رویہ کیرج وے ٹریفک کے لئے کھولنے کی ہدایت جاری کردی جبکہ انھوں نے اکتوبر تک دونوں اطراف چھ رویہ اے ڈی اے نالہ والٹن روڈ کو کھولنے کا حکم بھی دے دیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سائٹ آفس میں خصوصی اجلاس میں شرکت کی جہاں سی او او منصور جنجوعہ نے پراجیکٹ پروزیراعلیٰ کو تفصیل بریفنگ دی، جس پر مریم نواز نے مون سون سے قبل والٹن روڈ پر عوام کو درپیش مسائل کے ازالےکی ہدایت کردی۔
مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اے ڈی اے نالے کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، دو ڈسپوزل اسٹیشنز بھی تعمیر ہوں گے، قینچی اور فیروز پور سے ڈی ایچ اے جانے والی ٹریفک کے لئیے اوور ہیڈ برج بھی زیر تکمیل ہے۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے دورہ والٹن روڈ میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری، معاون خصوصی راشد نصر اللہ ، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان ، سی او او بریگیڈیئر منصور جنجوعہ دیگر متعلقہ افسر موجود تھے۔