اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل ) سے نکالنے کا حکم دے دیا ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی، عدالت میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پیش ہوئے اور ایف آئی آر کا ریکارڈ پیش کردیا گیا ۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ رپورٹ میں زرتاج گل کا نام دو ایف آئی آر میں درج ہے ، دہشت گردوں کا نام تو آپ ڈالتے نہیں ارکان اسمبلی آرہے ہیں عدالت میں، آئی جی کو بلاؤنگا اور پوچھوں گا ،ایک سیاسی رہنما ریلی نکالتا ہے تو آپ نام ای سی ایل میں ڈال دیتے ہیں ، میرے پاس تو کسی گینگ یا دہشت گردوں کا کیس نہیں آیا، کوئی ہے پوچھنے والا جو نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کرتے ہیں وہ بھی ڈرتے ہیں ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ان پر کون کون سے کیسز ہیں،جس پر وکیل اسامہ طارق ایڈووکیٹ نے کہا کہ مقدمہ نمبر567 اور 340 میں جواب جمع کرادیئے،آج ارجنٹ میں متفرق درخواست لگی،جس پر عدالت نے دریافت کیا کہ کیا دو ہی مقدمات ہیں،دونوں میں ضمانت پر ہیں ؟،جس پر وکیل نے بتایا کہ جی دونوں مقدمات میں ضمانت پر ہیں ۔
عدالت نے کہا کہ چھوٹے الزامات ہیں،تمام قابل ضمانت ہیں اور نام ای سی ایل میں ڈال دیتے ہیں ، ابھی نام نکال رہے ہیں،آئندہ ان کو بھی بلائیں گے جو منظوری دیتے ہیں۔
عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو ایک ہفتے میں نام ای سی ایل سے نکال کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔