(ویب ڈیسک) امریکا کی جانب سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کر دیا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے دہشتگرد حملوں سے بہت زیادہ نقصان اٹھایا، کسی بھی ملک کو ایسی دہشت گردی کا شکار نہیں ہونا چاہیے، علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں امریکا اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے,میتھیو ملر نے مزید کہا کہ سوات میں ہجوم کے تشدد سے ہلاکت کے واقعے پر تشویش ہے، متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے خواہاں ہیں، مذہبی طور پر تشدد کے واقعات پر تشویش ہے، تشدد یا تشدد کی دھمکی اظہار کی قابل قبول شکل نہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق، مذہبی، اظہار رائے کی آزادی، پرامن اجتماع کے حق کا احترام کیا جائے، پاکستانی ہم منصب سے مذہبی آزادی، اقلیتوں سے سلوک، انسانی حقوق کے مسائل پر بات کرتے رہتے ہیں، ایسے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں جن سے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو فروغ ملے۔