پرانے راوی پل کو جانے والی سڑک کےخطرناک گڑھے  خطرناک حادثات کا سبب بننے لگے

26 Jun, 2024 | 12:49 AM

اسوہ فاطمہ:  پرانے راوی پل کو جاتی شاہراہ بروقت مرمت نہ ہونے کے سبب  ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے. سڑک پر پڑے گڑھے  موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں پر سفر کرنے والوں کے لئے عذاب  ثابت ہو رہے ہیں اور ان کی وجہ سے سنگین حادثات بھی ہو رہے ہیں۔

 رات کے اوقات میں سڑک کے گڑھے سٹریٹ لائٹ کی عدم موجودگی  میں کم روشنی کی وجہ سے زیادہ خطرناک ہو جاتے ہیں۔

پرانی راوی پل کو جانے والی یہ سڑک داروغہ والا کی طرف بھی جاتی ہے اور کئی دوسری اہم سڑکوں سے بھی جوڑتی ہے۔ اس سڑک پر دن رات ٹریفک کا اژدھام رہتا ہے، ٹریفک کی روانی سڑک پر گڑھوں کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ 

بارش کے دوران اس سڑک کی حالت زیادہ خڑاب ہو جاتی ہے اور راہگیروں کے لئے یہ سڑک موت کا کنواں بن جاتی ہے۔ 

اس علاقہ میں رہنے والوں نے بتایا کہ وہ سڑک کی خراب حالت کی جانب انتظامیہ کی توجہ دلانے کی تمام کوششیں کر  کے تھک گئے ہیں۔ انتظامیہ اس سڑک کو مرمت کروانے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔ 

علاقہ کے مکینوں کو خدشہ ہے کہ چند روز بعد برسات شروع ہو گی تو اس سڑک کے گڑھے  زیادہ خڑاب ہو جائیں گے اور ان کے مصائب مزید بڑھ جائیں گے۔ علاقہ کے مکینوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ برسات کے آغاز سے پہلے سڑک کی مرمت کروائی جائے۔ 

مزیدخبریں