ماحول آلودہ کرنےوالوں کوسبق سکھانےکیلئےانوائرمنٹل ٹربیونل کا بڑا فیصلہ

26 Jun, 2023 | 02:55 PM

ویب ڈیسک: ماحولیاتی آلودگی کی حوصلہ شکنی کیلئے انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹربیونل نے اہم فیصلہ دے دیا ۔

  تفصیلات کے مطابق  انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹربیونل نے اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے ٹائر پائرولیسس پلانٹ پر بھاری جرمانہ عائد  کر دیا، ٹربیونل نے سنگجانی کے فضلِ ربی پلانٹ پر ایک  کروڑ 86 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا،پلانٹ کے مالک کو 15دن میں جرمانے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا، جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں زمین فروخت کر کے رقم وصول کرنے کا حکم۔ 

 تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے ٹریبیونل میں شکایت درج کرائی، پلانٹ لگانے سے پہلے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی سے اجازت نہیں لی گئی، ایجنسی اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی روکنے کا حکم دیا، ای پی اے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، ممبر انسپکشن اسلام آباد ہائیکورٹ، ای پی اے اور اسسٹنٹ کمشنر نے رپورٹس جمع کرائیں۔ 

  ٹربیونل کے حکم پر اسسٹنٹ کمشنر صدر نے 6 اکتوبر 2022 کو پلانٹ سیل کیا، پلانٹ دوبارہ فعال ہونے کی عوامی شکایات پر 20 اکتوبر کو دوبارہ سیل کیا گیا، پلانٹ کے مالک اور ملازمین کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کیا گیا، پلانٹ کے مالک نے واضح طور پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی، پلانٹ کے مالک خود یا وکیل کے ذریعے ٹریبیونل کی کسی سماعت میں شریک نہیں ہوئے، پیروی نہ کرنا قانون اور عدالتی احکامات کو خاطر میں نہ لانے کا واضح ثبوت ہے۔ 

 عدالت نے  ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر قانون کے مطابق 10لاکھ روپے کا جرمانہ عائد  کر دیا، اپنے فیصلے میں عدالت نےقرار دیا ہےکہ خلاف ورزی جاری رکھنے پر 20 ہزار روپے روزانہ کی بنیاد پر مزید جرمانہ عائد کیا جائے، انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر عباس نے پیروی کی۔

مزیدخبریں