(راؤ دلشاد)شہر میں ڈینگی کیسز بڑھنے کا خدشہ بھی بڑھنے لگا،ڈینگی ڈیش بورڈ نے سرکاری اداروں کی ڈینگی سرویلینس مہم سے متعلق کارکردگی کا پول کھول دیا۔
ڈینگی سرویلینس مہم میں سب سے زیادہ غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کرنے والے سرکاری اداروں میں پہلا نمبر واسا کا ہے جبکہ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کا دوسرا نمبر ہے، انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے عوامی شکایات نہ نمٹانے والے اداروں میں میں واسا بازی لے گیا ہے۔
واسا نے 125 شکایات کو نظرانداز کیا، کمشنر لاہور نے واساافسران اور عملے کی کارکردگی پر برہمی کااظہار کیا ہے، انسداد ڈینگی ڈیش بورڈ پر ڈینگی سے متعلق 6 ہزار 893 شکایات موصول ہوئیں،سرکاری اداروں نے584 شکایات کو نظر انداز کیا۔
واسا کو ایک ہزار 112 شکایات موصول ہوئیں،ایل ڈبلیو ایم سی نے 2 ہزار 798 شکایات میں سے2 ہزار328 شکایات کو نمٹایا،محکمہ صحت نے 240 شکایات میں سے 222 نمٹائیں،سکول ایجوکیشن نے 14 شکایات میں سے7نمٹائیں جبکہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے سات شکایات میں سے ایک بھی شکایت نمٹانے کی زحمت گوارا نہیں کی ہے۔