سعید احمد سعید: کراچی سے پشاور جانے ولی رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ پیش آگیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم کے علاقے میں ولی رحمان بابا ایکسپریس پھاٹک میں پھنسے گیس ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور بریک وین تباہ ہوگئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حادثہ، گیس ٹینکر کی غلطی کے باعث پیش آیا جس کےباعث ٹرینوں کی آمدورفت بھی شدید متاثر ہو گئی۔
ترجمان ریلوے کےمطابق ٹرک ڈرائیور کی غفلت اور غیر محفوظ رویے کے باعث ٹرک اور ٹرین میں تصادم ہوا،کراچی سے پشاور جانے والی 47 اپ رحمان بابا ایکسپریس کا کراچی ڈویژن کی اختتامی حدود میں وہاب شاہ اور ٹندوآدم کے قریب شام 5 بجے پھاٹک پر ٹرک سے تصادم ہوا۔ حادثہ ٹرک ڈرائیور کی مکمل غفلت کے باعث ممکن ہوا کیونکہ ٹرک ڈرائیور ریلوے ایکٹ کے سیفٹی قوانین 129اور 128 کےعلاوہ موٹر وہیکل آرڈیننس 91 (1) کی خلاف ورزی کرکے پھاٹک کا گیٹ توڑ کر جا رہا تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ البتہ ریلوے کے رولنگ اسٹاک کو نقصان پہنچا ہے۔ ریلوے حکام نے ٹرک کو ضبط کرلیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے جس پر قوائد کے مطابق مقدمہ درج کیا جائیگا۔
ڈی ایس کراچی محمد حنیف گل نے واقعہ سے متعلق کہنا تھا کہ ٹرک ڈرائیور سے محکمہ ریلوے نقصان کی ادائیگی بھی وصول کرے گا۔
آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز خان نے ٹرین حادثے کا نوٹس لے لیا، ٹرین 47اپ رحمان بابا سے ٹکرانے والے ٹرالر کے ڈرائیور اور کنڈکٹرکے خلاف کارروائی کا حکم،
آئی جی ریلوے پولیس کا کہنا تھا کہ ملز موں کی گرفتاری کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے، ریلوے مسافروں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کی 8 تاریخ کو ڈہرکی کے قریب ٹرین کا خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 62 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔