ویب ڈیسک: کینیڈا کے شہر ساسکاتون میں پاکستانی نژاد شہری پر پھر حملہ، چاقو کے پے در پے وار کرکے زخمی کردیا گیا داڑھی بھی کاٹ دی، ہمیں مسلمانوں سے نفرت ہے اپنے وطن واپس جاؤ حملہ آور نعرے لگاتے رہے ۔
رپورٹ کے مطابق 32 سالہ محمد کاشف اپنے گھرواقع پریسٹن ایونیو 2900 کے باہر شلوار قمیض پہنے سیر کررہا تھا کہ اچانک ایک گاڑی اس کے پاس آکررکی اور دو گوروں نے باہر نکلتے ہی اسے گھونسوں پر رکھ لیا پھر کسی تیزدھار آلے سے اس کی پشت پر وار کئے جان بچانے کے لئے کاشف نے چہرےپرہاتھ رکھے تو اس کے بازو پر بھی وار کئے گئے ایک نے اس کاسر پکڑا اور دوسرے نے اس کی داڑھی کاٹ دی ۔
کاشف کے ایک بازو پر 15ٹانکے آئے ہیں جبکہ دوسری جگہ 5 ٹانکے لگے۔ حملہ آور اسے گالیاں بھی دیتے رہے اور اسے کہتے رہے تم نے یہ لباس کیوں پہنا ہے تم یہاں کیوں آئے اپنے ملک واپس جاؤ،کاشف کاکہنا ہےکہ اسے اپنے زخموں کا افسوس نہیں داڑھی کاٹے جانے کا دکھ ہے۔
کاشف کا موبائل فون اور چابیاں بھی گم ہوگئیں جب اپنے گھر جاکر بیل دی تو اہل خانہ سوئے ہوئے تھے کسی نے دروازہ نہ کھولا ہمسایوں نے بھی دستک پر دروازہ نہ کھولا توکاشف سڑک پر جا کر گر گیا کسی نے گاڑی نہ روکی ایک ٹرک ڈرائیور کو رحم آیا تو اس نے گاڑی روک کر حال پوچھا اور 911 کو کال کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔