غیر اخلاقی مکالمے بولنے پرمعروف بھارتی اداکارہ گرفتار

26 Jun, 2021 | 12:52 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ” پائل روہتگی “ کو غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکارہ پائل روہتگی کے خلاف احمد آباد کے سیٹلائٹ پولیس اسٹیشن میں ڈاکٹر پراگ شاہ کی جانب سے درخواست جمع کروائی گئی ، جو سوسائٹی کی کمیٹی کے ممبر ہیں، اپنی شکایت میں انہوں نے کہا کہ اداکارہ نے سوسائٹی کے چیئرمین کو سوشل میڈیا پرمغلظات بکیں اور سوسائٹی کے واٹس ایپ گروپ میں غیر اخلاقی زبان کا استعمال کیا ۔

درخواست میں ڈاکٹر پراگ نے موقف اختیار کیا کہ روہتگی نے پلیئنگ ایریا کے معاملے پر اداکارہ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس سے بحث کرے گا وہ اس کی ٹانگ توڑ ڈالیں گی۔

 شکایت درج ہونے کے بعد احمد آباد پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اداکارہ کو حراست میں لے لیا، گرفتاری کے بعد اداکارہ کا کورونا ٹیسٹ بھی کروا لیا گیاہے۔

یاد رہے کہ متنازع بیانات کے باعث اکثر اوقات اداکارہ شہ سرخیوں میں رہتی ہیں، اداکارہ کا گزشتہ سال غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر دو مرتبہ ٹویٹر اکاﺅنٹ بھی معطل ہو چکا ہے ۔

اداکارہ نے بالی ووڈ میں پہلی فلم ” یہ کیا ہو رہا ہے “ میں اداکاری کرتے ہوئے ڈیبیو کیا، اس کے بعد انہوں نے متعدد فلموں میں کام کیا جن میں پلان، پولیس فورس، رخت ، توبہ توبہ ، لیلا، چائنہ ٹاﺅن، ہے بے بی ، ڈھول بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں