( عمران یونس ) فوڈ اتھارٹی کا فوڈ سیفٹی بائیک سکواڈ کا تجربہ کامیاب، پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد بائیک سکواڈ کا دائرہ کار ہر ڈویژن تک بڑھانے کیلئے ورکنگ شروع کردی گئی۔
فوڈ اتھارٹی کیجانب سے لاہور سے شروع کیے جانے والا فوڈ سیفٹی بائیکس سکواڈ پائلٹ پراجیکٹ 10 موٹر سائیکلوں پر مشتمل تھا۔ بائیک سکواڈ گلی محلوں میں جا کراشیائے خور ونوش کی کوالٹی کو چیک کرنے اور لائسنس انسپکشن میں بھی کامیاب رہا۔ سکواڈ ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء کی شکایت کے ازالے کیلئے بھی کارآمد ثابت ہوا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کے مطابق دیگر اضلاع میں سکواڈ کی تیاری کیلئے مزید موٹر بائیکس خریدی جائینگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا اور غیرمعیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم مزید تیز کر رکھی ہے۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق فوڈ سیفٹی بائیکس سکواڈ سے ملاوٹ مافیا کیخلاف تادیبی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔ بائیک سکواڈ دو، تین شفٹوں میں کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے ایکسپائر فلیورز اور مضر صحت کیمیکلز سے جوس بنانے والی فیکٹری سیل کردیا جبکہ 20 ہزار لیٹر ناقص جوس تلف کردیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں لاہور شیخوپورہ روڈ پر 8 گھنٹے طویل آپریشن کیا گیا۔ معروف اورلا جوس بنانے والی پریمیئر انڈسٹریز سیل کردی گئی۔ موقع سے 8 ہزار لیٹرمشروبات، 700 لیٹر فلیورڈ ملک، 680 لیٹرٹی وائٹنر،519 لیٹر جوسز اور 100 لیٹر زائدالمیعاد اشیاء برآمد کی گئیں۔