عازمین حج کو رقوم واپسی کا فیصلہ

26 Jun, 2020 | 08:58 PM

Arslan Sheikh

( شاہد ندیم ) سعودی حکومت کی جانب سے محدود حج کے اعلان کے بعد تمام عازمین کو رقوم واپس کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا، دو جولائی سے رقوم واپسی کا سلسلہ شروع ہو جائیگا۔

وزارتِ مذہبی امور نے حج کے درخواست گزاروں کو واجبات کی ادائیگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق سعودی حکومت کے حالیہ فیصلے کے روشنی میں تمام کامیاب عازمینِ حج کو رقوم واپس کی جائیں گی، حج واجبات کی واپسی کا سلسلہ 2 جولائی سے ملک بھر کے نامزد بینکوں سے شروع ہوگا، تمام درخواست گزاروں کو بذریعہ پیغام بھجوا کر اطلاع کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق حج واجبات کی نقد واپسی کیلئے درخواست گزار کا بینک آنا ضروری ہے، واجبات بذریعہ بینکرز چیک لینے کیلئے صرف گروپ لیڈر کو تمام افراد کی اصل دستاویز کے ہمراہ بینک آنا ہوگا جبکہ متعلقہ بینک برانچ کی بندش کی صورت میں دوسری نامزد کردہ برانچ سے رقوم کی ادائیگی ہو سکے گی۔

یاد رہے 22 جون کی شب سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے 180 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر محدود تعداد میں سلطنت میں مقیم مختلف ممالک کے شہریوں کو حج کا موقع دیا جائے گا۔

قبل ازیں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سعودی حکومت نے مقدس مقامات پر عمرے کی ادائیگی بھی معطل کر دی تھی۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث 1300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار سے زائد ہے۔

سعودی حکومت نے کورونا کے باعث لاک ڈاؤن بھی 22 جون سے ختم کر دیا ہے جس کے بعد معمولات زندگی بحال ہو گئے ہیں۔

مزیدخبریں