ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آن لائن ٹیکسی سروسز استعمال کرنیوالے صارفین پر نیا ٹیکس عائد

آن لائن ٹیکسی سروسز استعمال کرنیوالے صارفین پر نیا ٹیکس عائد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) پنجاب اسمبلی نے یکم جولائی نے نئے ٹیکسز کے نفاز اور ریلیف کی منظوری دے دی۔
پنجاب کے آئندہ مالی سال 2020-21کے فنانس بل میں حکومت نے جی ایس ٹی آن سروسز ، کنسٹرکشن سروسز ، پراپرٹی ٹیکس ،تفریحی ( انٹرٹینمنٹ ) ٹیکس میں جہاں متعدد مراعات اور چھوٹ دینے تجاویز دی گئی ہیں وہیں پر آن لائن ٹیکسی سروسز استعمال کرنے والے صارفین پر نیا ٹیکس (رائیڈ ہیلنگ سروسز)عائد کر دیا گیا ہے جس کی شرح 4فیصد مقرر کی گئی ہے،سٹیمپ ایکٹ 1899میں ترمیم کرتے ہوئے کئی اقسام کی سٹیمپ ڈیوٹی کی شرح 5فیصد سے کم کرکے 1فیصد کرنے کی تجویز منظور کی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ مراعات اور سٹیمپ ڈیوٹی میں چھوٹ رواں مالی سال دو ماہ کے لئے دی گئی تھی جسے آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔ جی ایس ٹی آن سروسز کی مد میں ہیلتھ انشورنس ، ڈاکٹروں کی کنسلٹنسی اور ہسپتالوں پر ٹیکس کی شرح 5فیصد کر کے صفر فیصد کرنے کی منظوری ۔ 20سے زائد سروسز پر ٹیکس ریٹ 16فیصد سے کم کرکے 5فیصد کرنے کی کی تجویز منظور کر لی گئی جن میں چھوٹے ہوٹلز، موٹلز ،گیسٹ ہائوسز،شادی ہالز، لانز، پنڈال،شامیانہ سروسز اور کیٹررز، آئی ٹی سروسز، ٹور آپریٹرز ، جمز ،پراپرٹی ڈیلرز،کیبل ٹی وی آپریٹرز، ٹریٹمنٹ آف ٹیکسٹائل اینڈ لیدر، زرعی اجناس سے متعلقہ کمیشن ایجنٹس ، آڈٹ ،اکائونٹنگ اینڈ ٹیکس کنسلٹنسی سروسز، فوٹو گرافی اور پارکنگ سروسز شامل ہیں۔

پراپرٹی بلڈرز اور ڈویلپرز سے بالترتیب 50روپے فی مربع فٹ اور 100روپے فی مربع گز ٹیکس وصول کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی۔ جوشخص پراپرٹی بلڈرز اور ڈویلپرز کے طور پر ٹیکس ادا کرے گا اسے کنسٹرکشن سروسز سے ٹیکس چھوٹ ہو گی ۔ ریسٹورنٹس اور بیوٹی پارلرز پر بذریعہ کیش ادائیگی کرنے والے صارفین سے 16فیصد جبکہ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ سے ادائیگی کی صورت میں 5فیصد جنرل سیلز ٹیکس وصول کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی ۔

علاوہ ازیں سیلز ٹیکس ایکٹ 2012ء کے سیکشن 70کے سب سیکشن(1)کی کلاز جی میں ترمیم کرتے ہوئے اپیلٹ ٹربیونل کی اجازت سے ڈیفالٹرز کی قید کی مدت چھ ماہ سے زیادہ نہیں ہو گی کی تجویز دی گئی ہے ۔ پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے لئے پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی دواقساط میں کرنے کی سہولت دینے کی تجویز بھی دی ہے اور 30ستمبر2020ء تک مکمل ٹیکس کی ادائیگی کی صورت میں ٹیکس دہندگان کو 5فیصد کی بجائے 10فیصد ریبیٹ ملے گا اور مالی سال2020-21کے سرچارج کی وصولی پر بھی مکمل چھوٹ ہو گی ۔

تفریحی ( انٹرٹینمنٹ ) ٹیکس کی شرح 20فیصد سے کم کر کے 5فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، تمام سینما گھروں کو 30جون 2021ء تک تفریحی ٹیکس سے استثنیٰ دینے کی تجویز منظور ۔ اسی طرح پراپرٹی ٹیکس نئے ویلیو ایشن ٹیبل کا اطلاق بھی ایک سال کے لئے موخر کر نے کی تجویز منظور کر لی۔ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس کی مکمل ادائیگی کی صورت میں 10فیصد کی بجائے20فیصد ریبیٹ دینے کی تجویز منظور کر لی گئی جبکہ پنجاب ای پے پورٹل کے تحت آن لائن ادائیگی کی صورت میں خصوصی رعایت دی جائے گی ۔ آئندہ مالی سال میں سٹیمپ ڈیوٹی کی شرح کو 5فیصد سے کم کر کے ایک فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی تاہم کلبزبشمول ریس کلبز اور ان کی ممبر شپ سروسز اور سہولتوں پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 16فیصد رکھے جانے کی تجویز منظور  کی گئی ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer