دورہ انگلینڈ، پی سی بی کا یوٹرن

26 Jun, 2020 | 06:37 PM

Malik Sultan Awan

(حافط شہباز علی) قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کیلئے  پی سی بی نے اپنی ہی پالیسی کی خلاف ورزی کردی،  قومی کرکٹرز کو قرنطینہ کے دوران کرونا ٹیسٹ کروانے کے لیے گھر  سے ہسپتال بھجوایا گیا۔

پی سی بی کا یوٹرن، قرنطینہ کے دوران کھلاڑیوں کے گھروں میں ٹیسٹ کروانےکی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کو دوسری کوویڈ ٹیسٹنگ کے لئے ہسپتال بھجوایا گیا، قومی کرکٹ کے کرونا پازیٹیو آنے والے کھلاڑیوں کی کوویڈ ٹیسٹنگ کا مرحلہ اختتام کو پہنچ گیا،دوسرے مرحلے میں دس کھلاڑیوں اور ایک ٹیم آفیشل کے کرونا ٹیسٹ کئے گئے، لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور مساجر ملنگ علی نے شوکت خانم ہسپتال جاکر ڈرائیو تھرو کے ذریعے سیمپل دئیے، کاشف بھٹی اور فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے کراچی جبکہ حارث رؤف ، شاداب خان ، حیدر علی ، عمران خان سینئر ، محمد رضوان اور فخر زمان نے شوکت خانم ہسپتال پشاور میں اپنے سیپمل دئیے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین روزقبل کرونا پازیٹیو آنے والے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشل کو گھروں میں قرنطینہ کرنے کہا تھا اور اعلان کیا تھا کہ کھلاڑیوں کے دوسرے ٹیسٹ کے لیے سیمپل ان کے گھروں سے لیے جائیں گے 
قرنطینہ کے دوران کھلاڑیوں کو ہسپتال جاکر ٹیسٹ کروانے کے معاملے پر تر جمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے سیمپل لینے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کے گھروں تک پہنچنے میں کچھ مسائل تھے جس کے باعث کھلاڑیوں کو آخری لمحات میں ہسپتال جاکر ٹیسٹ کروانے کا کہا گیا، تمام کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پی سی بی ہفتے کے روز کھلاڑیوں کی رپورٹس اور دورہ انگلینڈ کے لئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کرے گا۔

مزیدخبریں