کینال روڈ (زاہد چودھری) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس )نے سائنسی جریدے کا کورونا پر خصوصی شمارہ لانچ کر دیا، کورونا وائرس کے علاج میں وٹامن ڈی کی افادیت کے ٹرائل کا بھی آغاز کر دیا گیا۔
یو ایچ ایس میں میڈیکل جرنل بائیومیڈیکا کے کورونا پر خصوصی شمارہ کی لانچنگ تقریب میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز اور ڈاکٹر نادیہ نسیم سمیت فیکلٹی ممبران اور ڈاکٹرز شریک ہوئے۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی یونیورسٹی کی جانب سے کورونا پر یہ پہلی خصوصی سائنسی اشاعت ہے، وٹامن ڈی تھری کی افادیت کے نتائج جولائی میں جاری کیے جائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر وٹامن ڈی تھری کی کورونا کے علاج میں افادیت کیلئے میڈیسن ٹرائل کے آغاز کیلئے یو ایچ ایس ، پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن اور سکاٹ مین فارما کے مابین معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والا خطرناک کورونا وائرس پاکستان پر قہر بن کر ٹوٹ پڑا، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 148 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد 3903 ہوگئی۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 93 کے قریب پہنچ گئی، 571 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، اب تک کورونا سے متاثرہ 81 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، سب سے زیادہ کیسز سندھ میں 74 ہزار سے تجاوز کر گئے، پنجاب میں کورونا کیسز کی 71 ہزار سے تجاوز کر گئی۔